ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / 5000 سے زیادہ نوٹ صرف ایک بار جمع کرنے کے فرمان پر واڈرا کی مخالفت

5000 سے زیادہ نوٹ صرف ایک بار جمع کرنے کے فرمان پر واڈرا کی مخالفت

Tue, 20 Dec 2016 23:56:51  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 20/دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدرسونیاگاندھی کے داماد اورپرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا نے ایک بار پھر نوٹ بند ی کے فیصلہ پرحملہ بولاہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر کب تک یہ حکومت خود کو صحیح ثابت کرنے کے لیے عوام کے ساتھ تجربات کرتی رہے گی۔ انہوں نے پانچ ہزار روپے سے زیادہ کے پرانے نوٹ اب صرف ایک بارجمع کرنے کے سرکاری فرمان کی مخالفت کی اور کہا کہ اس سے قبل بھی وہ ایک بار نوٹ بند ی کے فیصلے کو بیکار بتا چکے ہیں۔رابرٹ واڈرانے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر لکھاکہ آخرکب تک اور کس حد تک یہ حکومت خود کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ہم سب کے ساتھ تجربات کرتی رہے گی؟۔ اب 5000روپے سے زیادہ کے پرانے نوٹ 30/دسمبر تک صرف ایک بارجمع کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے،وہ بھی اس کی تفصیلات دینے کے بعد۔حکومت نے مالی اداروں کو پوچھ گچھ دفتر میں تبدیل کر دیا ہے، یہ دیکھنا افسوسناک ہے کہ حکومت کی خواہشات اور من مرضی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، میں عوام کی پریشانی کوسمجھ سکتا ہوں۔انہوں نے لکھاہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نوٹ بند ی مکمل طور پرغیر منصوبہ بند تھی، ریزرو بینک اورحکومت کو کچھ نہیں سوجھ رہاہے،وہ ہر روز قوانین میں تبدیلی کر رہے ہیں، جس سے عوام کو پریشانی ہو رہی ہے۔غورطلب ہے کہ اس سے قبل بھی ایک باررابرٹ واڈرا وزیر اعظم نریندر مودی کے نوٹ بند ی کے فیصلے کو بیکار بتا چکے ہیں، واڈرانے کہاتھاکہ نوٹ بند ی کے بعدکیش کی قلت سے پریشان  لوگ اپنی گاڑھی کمائی کے پیسے نکالنے کے لیے اس سردموسم میں بینکوں اور اے ٹی ایم کی لائن میں لگے ہیں۔واڈرا نے وزیر اعظم مودی پر بار بار اپنا بیان تبدیل کرنے کاالزام لگاتے ہوئے کہاتھاکہ پہلے ہم سے کہاگیاکہ یہ بلیک منی کی صفائی کے لیے اٹھایا گیا قدم ہے، پھر اس سے دہشت گردی کے خاتمہ کی بات کہی گئی اور اب ہم سے کیش لیس سوسائٹی بنانے کی بات کہی جا رہی ہے۔


Share: